آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ میں نیشنل بنک نے گروپ چمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا

Football Tournament

Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اہم لیگ میچ میں نیشنل بنک کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد کوئٹہ سے آئے ہوئے خوشحال کلب کوئٹہ کو 2-0سے شکست دیکر گروپ چمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ بڑا سنسنی خیز رہا دونوں ٹیموں نے بھر پور حملوں کا سلسلہ جاری رکھا کھیل کے 36ویں منٹ میں نیشنل بنک کی جانب سے مقبول نے نہایت شاندار گول اسکور کرکے مقابلہ 1-0کردیا نیشنل بنک کو دوسری کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب دوسرے ہاف کے 75ویں منٹ میں ایک بار پھر اپنی انفرادی کوششوں سے مقبول نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

کھیل کے دوران خوشحال کلب کوئٹہ کے فارورڈز نے بھر پور حملے کی کوشش کی لیکن و ہ نیشنل بنک کی دفاعی لائن عبور کرنے میں ناکام رہے میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سابقہ گول کیپر کے ڈی اے منورخان سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام، شعبہ کھیل نیشنل بنک کے کوارڈینٹر قمر علی قریشی، ایم خالد نیشنل بنک، امیر محمد خان، محمد مناف، عابد و دیگر موجود تھے۔

کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش ،جہانگیر خان ،محمد عمر بلوچ اور شوکت علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر فیض محمد اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔