پاکستان فرانس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ معین الحق

Jinah Cricket Tournament in France

Jinah Cricket Tournament in France

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے کہا کہ پاکستان فرانس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور فرانس میں کرکٹ پاکستان فرانس دوستی کی علامت بن کر ابھر رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے جناح چمپیئن ٹرافی کے تیسری مرحلے کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کہی جو پیرس کے نزدیک دروکس میں کل منعقد ہوئی۔

دروکس کے میئر جناب گرارد ہامل، فرانس کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جناب پری بگغان بیلنس، سفراء، فرانسیسی وزارت کھیل کے اعلی افسران، اولمپکس کمیٹی، دروکس انتظامیہ اور بڑی تعداد میں کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی۔

سفیر پاکستان جو کہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے گذشتہ تین سالوں سے جناح چمپیئین ٹرافی کے انعقاد میں مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے اسی وجہ سے کرکٹ فرانس کے نوجوانوں میں ایک مقبول کھیل بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس میچ کے انعقاد کیلئے تعاون فراہم کرنے پر پشاور زلمی کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے اولمپکس گیم کو پیرس میں کرانے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ کو پیرس میں ہونے والے اولمپکس گیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

دروکس کے میئر نے سفیر پاکستان کا اس کھیل کے انعقاد اور شہر کے کرکٹ سٹیڈیم کو جدید بنانے اور اس کی تزئین و آرائش کیلئے تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جناح ٹرافی کا فائنل متحدہ سری لنکن کرکٹ ایسوسی ایشن نے پیرس یونیورسٹی کلب سے 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

جناح چمپیئین ٹرافی گذشتہ تین سالوں سے جاری ہے اور اب فرانس میں بڑے اور دلچسپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سرکل میں داخل ہو چکی ہے۔ جناح چمپیئن ٹرافی میں فرانس سمیت کل 24 ٹیموں نے شرکت کی۔