پاکستان فرانس کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ معین الحق سفیر

Moin-ul-Haq

Moin-ul-Haq

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) پاکستانی نژاد فرانسیسی تاجروں کی فرانس میں پاکستان کی اعلی معیاری مصنوعات کو متعارف کروانے پر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جناب معین الحق سفیر پاکستان نے یہ بات فرانسیسی کاروباری حضرات، سرمایہ کاروں، تاجروں اور کاروباری اداروں کے افراد کی پہلی گول میز کانفرنس کے موقع پر کہی جو حال ہی میں سفارت خانہ پاکستان پیرس میں منعقد ہوئی۔

سفیر پاکستان نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور فرانس کے کاروباری افراد کے درمیان باہمی تعلقات کو استوار کرنے کیلئے راہ ہموار کریں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد فرانسیسی کاروباری افراد کی ایک تنظیم بنانے کی بھی تجویز پیش کی۔ یہ تنظیم تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے موثر اور مفید فورم کے طور پر کام کرے گی۔

اس ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سفارت خانہ پاکستان اور کاروباری حضرات مشترکہ طور پر فرانس میں منعقد ہونے والے تجارتی میلے، سرمایہ کاری فورمز اور کاروباری تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے تاکہ فرانس میں پاکستانی مصنوعات کو بہتر انداز سے متعارف کروایا جاسکے۔

بعد ازاں، کمرشل کونسلر جناب معین الدین وانی نے پاکستان اور فرانس کے درمیان موجودہ اور مستقبل کے بارے میں دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات پر گہری روشنی ڈالی۔