پاکستان میں سرکاری اسپتالوں کی ادویات کی کھلے عام فروخت

Medicine

Medicine

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں سرکاری اسپتالوں کی ادویات تو مارکیٹوں میں کھلے عام فروخت ہوتی رہی ہیں لیکن ایف آئی اے کی کراچی میں حالیہ کارروائی میں پاکستان رینجرز اور پاکستان ڈیفنس کورسز کے لئے مخصوص لاکھوں روپے مالیت کی ادویات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی کی میڈیسن مارکیٹ میں گزشتہ روز چھاپے کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ کئی ملین مالیت کی ادویات 15 سرکاری اداروں کی ہیں۔ برآمد میں پاکستان رینجرز اور پاکستان ڈیفنس کورسز کی ملکیت بھی ہیں۔

اس کے علاوہ پی آئی اے، کے پی ٹی، قومی ادارہ برائے امراضِ قلب، عالمگیر ٹرسٹ، اسٹیٹ بینک، سیسی، پاپولیشن ویلفیئر، پراونشل ٹی بی کنٹرول، سوشل سکیورٹی، پی ای ایس ایس آئی، حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی حکومت کی دوائیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم جنید نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ چوری شدہ ادویات کمیشن ایجنٹوں اور براہ راست ان اداروں کے سرکاری ملازمین سے خریدتا تھا۔ خریداری کے بعد وہ دواؤں کے ڈبے تبدیل کرا دیتا تھا یا پھر ڈبوں سے “فروخت کے لئے نہیں “کی مہر مٹا دیتا تھا۔