ملکی تاریخ میں پہلی بار کل ہری پور میں بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ ہوگی

Biometric Systems  Voting

Biometric Systems Voting

ہری پور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی تاہم ہری پور ضمنی انتخاب کو خاص اہمیت اس لئے دی جارہی ہے کہ وہاں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ہری پوری میں ہونے والا ضمنی انتخاب فوج اور رینجرز کی نگرانی میں ہوگا جب کہ 30 پولنگ اسٹیشنز پر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ ہوگی۔ حلقے میں 5 لاکھ 77 ہزار 480 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لئے 513 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

جن میں 42 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین، 209 کو حساس اور 262 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے 9 امیدوار میدان میں ہیں تاہم تحریک انصاف کے راجہ عامر، مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز اور پیپلزپارٹی کے محمد طاہر کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے جب کہ 4 امیدوارآزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخاب کو شفاف بنانے کے لئے پریذائیڈنگ افسروں کو 3 روز کے لئے درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں جب کہ پولنگ اسٹیشنز میں پریذائیڈنگ افسرز کے علاوہ موبائل استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔

حلقے میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاک فوج کے 2 ہزار 150 جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج کے ساتھ رینجز اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔