پاکستان ہاکی لیگ کا ابتدائی خاکہ تیار

Hockey

Hockey

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی لیگ کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا، ابتدائی ایڈیشن میں پانچ یا چھ ٹیموں میں 4، 4 غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کے بعد پی ایچ ایف حکام کے حوصلے خاصے بلند ہیں اور عہدیداروں نے رواں برس اکتوبر میں پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کروانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

اس ضمن میں اسپانسرز کے لیے فیڈریشن حکام کی طرف سے اشتہار بھی جاری کیا جا چکا ہے جس میں خواہشمند پارٹیوں کو 26مئی تک اپنی درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ماضی کی انتظامیہ بھی لیگ کروانے کے اعلانات تو کرتی آئی تھی لیکن کسی بھی عہدیدار نے لیگ کے انعقاد کے لیے سنجیدہ بنیادوں پر کوششوں کا آغاز نہیں کیا تھا۔

پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اورسیکریٹری شہباز احمد سینئر نے فیڈریشن میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی ہاکی لیگ کروانے کے عزم کا اظہار کیا، اب اس لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے کام کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق اکتوبر میں شیڈول پہلے ایڈیشن کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں منعقدکرائے جائیں گے، لیگ کا دورانیہ 3 ہفتے تک رکھنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ لیگ میں آسٹریلیا، جرمنی اور ارجنٹائن سمیت دنیا کے متعدد ممالک کو مدعو کیا جائے گا، مجموعی طور پر پانچ، یا چھ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جس میں 4،4 غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ کا حصہ بنانا ضروری ہوگا۔

اس ضمن میں حکومت کو بریفنگ بھی دے دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جب تک قومی کھیل پر پیسہ خرچ نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ہاکی کو ترقی دینا ممکن نہیں ہے۔