پاک بھارت کرکٹ سیریز بحال کی جائے، وسیم اکرم کی بھارتی وزیراعظم سے اپیل

Wasim Akram

Wasim Akram

لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی پاک بھارت سیریز کی بحالی کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کی بحالی کیلئے اپنا خصوصی کردار ادا کریں۔

وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں سے اربوں لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس کا اثر دنیا میں کسی بھی دو حریفوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں سے زیادہ ہوتا ہے کیونکہ کوئی بھی ٹیم ہارنا نہیں چاہتی اور نہ ہی شائقین اپنی ٹیم کو ہارتے دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا میں اُمید کرتا ہوں کہ ہر چیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کرکٹ تعلقات کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے عالمی کرکٹ کا نقصان ہوگا کیونکہ روایتی حریفوں کا مقابلہ ہمیشہ سے انتہائی شاندار رہا ہے۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے سُنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنی کابینہ سے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں لہٰذا کرکٹ کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اندازہ لگایا ہے کہ مودی ہندوستان کو عالمی طاقت بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ہندوستان کرکٹ کی سپر پاور ہے تو یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ باقی دنیا سے بھی تعاون کرتے ہوئے ان کی آگے بڑھنے میں مدد کریں لہٰذا مجھے اُمید ہے انہیں سیریز سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

واضع رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007ء کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی۔ دونوں ملکوں کے درمیان رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز شیڈول ہے تاہم پاکستان سیریز کیلئے بھارت کے جواب کا منتظر ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعلقات کو بنیاد بنا کر سیریز کو ٹالنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔