پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

Pakistan vs India

Pakistan vs India

ایجبسٹن (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن اچھی ہے 300 سے زائد اسکور کر سکتے ہیں۔

برمنگھم، ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان ٹیم سرفراز احمد، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، حسن علی، عمادوسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔

میچ سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ہمارااصل ہتھیار بیٹنگ ہے لیکن بولرز بھی اچھا پرفار کر رہے ہیں، ہماری ٹیم مکمل طور پر پر اعتماد ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرا زاحمدکا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل یہ ٹیم کچھ ایسا نیا کرے گی اور اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کردے گی کیوں کہ ہمارے اوپر کوئی دباو نہیں ہے۔پریشر تو بھارتی ٹیم پر ہوگا۔بھارت اس میچ میں فیورٹ ہے اور پاکستان ٹیم آٹھویں نمبرپر۔ سرفراز احمدکا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی اسے 2019 کے ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری دلواسکتی ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں کہ ٹیم میں اختلافات کی خبریں میڈیا کی اختراع ہیں۔ہم کوئی نئی چیز کرنے کے بجائے میچ جیتنا چاہتے ہیں۔ٹیم کو حتمی شکل نہیں دی ہے لیکن ہمارے تمام کھلاڑی سلیکشن کے لئے دستیاب ہیں۔اس ٹورنامنٹ کا جو فارمیٹ ہے اس میں ایک نہیں سارے میچ سخت ہیں۔ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے ہمیں تمام میچوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔لیکن میڈیا غیر ضروری طور پر اختلافات کی خبروں کو پھیلا رہا ہے۔مجھے پتہ ہے کس کو کھلانا ہے۔پچ دیکھ کر فیصلہ کروں گا۔

کرکٹ کے راجہ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جیت اور ہار کے خوف سے نکل کر کھیلنا ہوگا، بھارت کی ٹیم میں ایشوزہیں جوکہ پاکستان کےحق میں ہو سکتے ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی سو فیصد فٹ نہیں۔

آئی سی سی ایونٹس میں پاکستانی ٹیم بھارت کے ہاتھوں مسلسل شکست کے زخم سہ رہی ہے،تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایسا ایونٹ ہے جس میں پاکستان نے بھارت کو دو بار شکست دی ہے۔2004میں ایجبسٹن میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔اس گراؤنڈ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف دو میچ کھیلے ہیں۔ایک جیتا ہے اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔

پاکستان نے 2014میں آخری بار بھارت کو ایشیا کپ میں ڈھاکا میں شکست دی۔ اس میچ میں شاہدآفریدی نے ایشون کو دو گیندوں پر دو چھکے مار کر ناممکن کو ممکن بنایا تھا۔2015ورلڈ کپ میں ایڈیلیڈ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔