پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی مداخلت، ثبوت امریکا کو دیدیے: خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

سیالکوٹ (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف سیالکوٹ میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے گاؤں کندن پور پہنچے اور وہاں ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا۔ بھارتی فائرنگ سے اس گاؤں کے 7 افراد شہید ہو گئے تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں ’را‘ مداخلت کر رہی ہے۔ سوزن رائس کے ساتھ ثبوت سے بات کی گئی ہے۔

بھارتی فورسز کی جارحیت کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔ اس سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بھی سی ایم ایچ سیالکوٹ پہنچے۔

رضا ربانی نے کہا کہ مودی سرکار اندرونی خامیوں کو چھپانے کے لئے ایسی حرکتیں کر رہی ہے جس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالمجید چودھری اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان بھی سی ایم ایچ سیالکوٹ پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے دوستی چاہتے ہیں لیکن شہریوں کی جان ومال کی قیمت پر نہیں۔ واضع رہے کہ پچھلے دنوں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 9 نہتے پاکستانی شہید اور پچاس زخمی ہو گئے تھے۔