پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض میں اساتذہ کے لئے دو روزہ تربیتی نشست

Riyadh Teachers Training Event

Riyadh Teachers Training Event

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض اپنے اعلی معیارِ تعلیم، قابل اساتذہ اور بہترین طلبہ و طالبات کے حوالے سے اپنا خاص مقام رکهتا ہے اور اسے برقرار رکهنے کے لئے ہر ممکن اقدامات سکول کی پالیسی کا حصہ ہے اسی ضمن میں سکول کے تحت اساتذہ کی صلاحیتوں کو مزید نکهارنے کے لئے دو روزہ تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد طلباء کو تربیت دینے والوں کی تربیت کرنا تها تاکہ وہ طلباء کے لئے مزید فائدہ مند ثابت ہوسکیں۔

دو روزہ تربیتی نشست کے مرکزی مقرر معروف لیکچرر اور بزمِ ریاض کے صدر تصدق گیلانی تهے، انہوں نے اساتذہ کی صلاحیتوں کو مزید نکهارنے کے عنوان سے سکول کے پری ونگ اور جونیئر ونگ کے مرد و خواتین اساتذہ کے ساتھ الگ الگ نشستیں منعقد کیں جن میں اساتذہ کرام کو طلباء کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کے اہم ترین پہلوؤں کے حوالے سے مفید مشورے اور معلومات مہیا کی گئیں۔

تصدق گیلانی کا کہنا تها کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بہترین اور مضبوط قوم کی تیاری میں اساتذہ اہم کردار ادا کرتے ہیں، طلباء کے لئے اساتذہ ایک رول ماڈل کا درجہ رکهتے ہیں اور طلباء اپنے اساتذہ سے سیکهتے ہیں اور ان کے ہر عمل اور تعلیمات کی پیروی کرتے ہیں لہذا قابل ترین اساتذہ ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔

پاکستان انٹرنیشل سکول انگلش سیکشن کے پرنسپل محمد تنویر اور دیگر اساتذہ نے دو روزہ تربیتی نشست کو بے حد سراہا، اکثر اساتذہ کی رائے تهی کہ اس قسم کی تربیتی نشستوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے خاص طور پر ہر تعلیمی سیشن کے اختتام پر یا آغاز سے پہلے ایسی نشستیں منعقد ہونا ازحد ضروری ہیں۔

تصدق گیلانی نے اس سلسلے میں یقین دلایا کہ وہ یہ سلسلہ آئندہ بهی جاری رکهیں گے اور اس ضمن میں ان کی اللہ سے دعاء ہے اور حتی الامکان کوشش ہے کہ وہ معاشرے کی فلاح و بہبود اور اس میں مثبت تبدیلی کے لئے اپنا ہرممکن کردار ادا کرسکیں۔