پاکستان رینجرز نے عید پر بھارت کی جانب سے مٹھائی لینے سے انکار کردیا

Wagah Border

Wagah Border

واہگہ (جیوڈیسک) پاکستان رینجرز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی وجہ سے بی ایس ایف کی جانب سے بھجوائی گئی مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔

بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہمیشہ سے بھارت کا وطیرہ رہا ہے جو ایک طرف کںٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے معصوم پاکستانیوں کو شہید کرتا ہے تو دوسری طرف دوستی کا بھی ہاتھ بڑھاتا ہے۔دو روز قبل بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے چپڑار سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کے نتیجے میں 5 معصوم پاکستانی شہری شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

ایسی صورتحال میں پاکستان رینجرز نے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لئے عید کے موقع بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان قومی اور مذہبی تہواروں کے موقع پر مٹھائی کا تبادلہ ہوتا رہا ہے تاہم بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور پاکستانی شہریوں کی شہادت پر اس مرتبہ پاکستان رینجرز نے انکار کردیا۔