پاکستان اپنی سرزمین پرموجود ہردہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کرے، امریکا

Mark

Mark

نیو یارک (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے معاون ترجمان مارک تونر نے کہا ہےکہ پاکستان اپنی سر زمین پر موجود ہر دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کرے۔

غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے معاون ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے مصالحتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔ ملا اختر منصور امریکا کے لیے واضح طور پر ایک بڑا خطرہ تھے، وہ نا صرف افغانستان میں امریکی اور افغان افواج پر حملے کررہے تھے بلکہ افغان مصالحتی عمل جاری رکھنے میں فعال کردار بھی ادا نہیں کررہے تھے۔ اسی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کی نئی قیادت کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ بات چیت دوبارہ سے شروع کر سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو امریکا طالبان کی نئی قیادت کا خیر مقدم کرے گا۔ مارک ٹونر نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سر زمین پر موجود ہر دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کرے۔ امریکا نے ماضی میں بھی اُن پرزوردیا ہے اورآئندہ بھی اس پراصرار کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممبئی حملے بڑا سانحہ تھا، انصاف چاہتے ہیں۔ امریکا پاکستانی حکومت پر زور دیتا رہا ہے کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ تعاون کرے۔