پاکستان سے محبت کرتی ہوں، سونم کپور

Sonam Kapoor

Sonam Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانیوں سے بہت محبت کرتی ہیں اور پاکستان جانے کے لیے بے چین ہیں۔

اداکار انیل کپور کی صاحبزادی اداکارہ سونم کپور کی پاکستانیوں سے محبت سامنے آگئی۔ حال ہی میں انسٹاگرام کے نئے فیچر کو استعمال کرتے ہوئے سونم کپور نے اپنے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے کافی دلچسپ جوابات دئیے۔ ایک مداح کی جانب سے سونم سے سوال پوچھا گیا کیا آپ مسلمانوں سے محبت کرتی ہیں؟ جس کے جواب میں سونم نے کہا’’میں تمام عقائد کے لوگوں سے پیار کرتی ہوں اور میرا مذہب بھی مجھے یہی سکھاتا ہے۔‘‘

ایک اور پرستار نے سونم سے ان کے پاکستانی مداحوں کے حوالے سے سوال پوچھا کہ کیا آپ اپنے پاکستانی فالوورز سے محبت کرتی ہیں جس پر سونم نے کہا ’’میں پاکستان سے محبت کرتی ہوں، اور پاکستان جانے کے لیے بے چین ہوں۔‘‘

سونم کپور کے والد انیل کپور کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے ہے، ایک تقریب کے موقع پر انہوں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پشاور میں میرے آباؤاجداد کا گھر ہے،مجھے جب بھی موقع ملا پاکستان ضرور جاؤں گا۔

واضح رہے کہ سونم کپور پاکستانی اداکار فواد خان کی بہت اچھی دوست ہیں اور ان سے بے حد متاثر ہیں جب کہ فواد خان کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے کا سہرہ بھی سونم کے سر ہی جاتا ہے۔