دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

Pakistan vs New Zealand

Pakistan vs New Zealand

آکلینڈ (جیوڈیسک) دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز سکور کئے۔ احمد شہزاد اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور آغاز سے ہی کیویز بائولرز کے خلاف جارحانہ سٹروکس کھیل کر ان کے اوسان خطا کر دیئے۔ قومی ٹیم نے آج کے میچ کیلئے احمد شہزاد کو ٹیم میں بطور اوپنر محمد نواز کی جگہ شامل کیا گیا۔ فخز زمان اور احمد شہزاد نے گرائونڈ کے چاروں طرف خوبصورت سٹروکس لگا کر پاکستانی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنا دی۔

کیویز بائولرز مسلسل کوشش کے باوجود شروع کے دس اوورز میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ فخر زمان نے شاندار اور دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ففٹی بھی مکمل کی۔ سرفراز احمد نے 24 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی ۔ حسن علی 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

احمد شہزاد نے 36 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ویلر نے دو ،رینس اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 153 پر ڈھیر ہوگئی۔ مارٹن گپٹل 26،منرو ایک ، ولیمسن صفر ، بروس 11 ، جی ڈی فلپس 5،گرینڈ ہوم 10 ،سینٹنر 37 ، ویلر 30 ، سودھی 15 ،اور رینس نے ایک سکور کیا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے دو دو ، رومان رئیس اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔