پوری پاکستانی قوم دکھ کی گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ سجاد تنولی

Karachi

Karachi

کراچی (پ ر) پاکستان یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاری سجاد تنولی، مرکزی جنرل سیکریٹری مفتی عبدالقادر جعفر، شعیب حسن ذئی، سید علی المکی ودیگر نے مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب میں خودکش دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دکھ کی گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی جنگ کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا اور دہشت گردی جیسے ناسور کو اکھاڑ پھینکنا ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے جنگ جاری رکھے ہوا ہے اور انشاء اللہ سعودی عرب میں بھی دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایسے دہشت گردوں کا اسلام اور مسلمان سے کوئی تعلق نہیں یہ دہشت گردی صرف اور صرف مسلم امہ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے ۔انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین پر بری نظریں رکھنے والے کان کھول کر سن لیں کہ پوری مسلم امہ یکجا ہوکر حرمین شریفین کی حفاظت کرے گی اور کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔

علماء کرام نے خودکش حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور ان کی لواحقین کو صبر و استقامت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کیں۔