پاکستان مسلم لیگ نواز نے سیاسی پہلوان میدان میں اتار دیئے

 PML-N

PML-N

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن نے پنجاب میں اپنے کھلاڑی میدان میں اتار دیئے، احسن اقبال، دانیال عزیز، تہمینہ دولتانہ، وقاص اکرم، چودھری نثار کے بہنوئی، راجہ ظفرالحق کے بیٹے کو بھی ٹکٹ مل گیا، مریم نواز این اے 125 میں ان، زعیم قادری این اے 133 سے آؤٹ ہوگئے۔

25 جولائی کے انتخابی دنگل میں بڑے پہلوان آمنے سامنے ہونگے، ن لیگی امیدواروں کے اعلان کے بعد صورتحال واضح ہو گئی۔

این اے 131 میں لگے گا بڑا میدان جہاں سعد رفیق اور عمران خان آمنے سامنے ہوں گے جبکہ مریم نواز لاہور کے حلقہ این اے 125 میں پی ٹی آئی کی یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گی۔ این اے 60 میں حنیف عباسی، شیخ رشید کے خلاف لڑیں گے اور این اے 132 میں شہبازشریف چودھری منشا کا مقابلہ کریں گے۔

این اے 124 سے حمزہ شہباز انتخابی دوڑ میں ہونگے، اور پی ٹی آئی کے نعمان قیصرکو ٹکر دیں گے۔ این اے 129 میں ن لیگ نے ایاز صادق کو نامزد کیاہے جبکہ پی ٹی آئی نے اس حلقے سے علیم خان کو ٹکٹ دیا ہے۔

این اے 78 نارووال میں ن لیگ کے احسن اقبال اور پی ٹی آئی کے ابرارالحق مد مقابل ہونگے، این اے 73 سیالکوٹ میں خواجہ آصف اور عثمان ڈار ایک دوسرے سے لڑیں گے، این اے 72 سیالکوٹ میں ارمغان سبحانی اور فردوس عاشق اعوان آمنے سامنے ہونگے۔

این اے 106 فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ اور نثار جٹ مقابلہ کریں گے۔ ن لیگ این اے 108 میں عابد شیرعلی کو آزما رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی فرخ حبیب کومقابلے پر لارہی ہے۔ این اے 81 گوجرانوالہ میں ن لیگ کے خرم دستگیر اور خواجہ صالح آمنے سامنے ہونگے۔

این اے 77 سے دانیال عزیز کو ٹکٹ جاری، این اے 78 پر سابق وزیر داخلہ احسن اقبال ن لیگ کے امیدوار ہوں گے، پی پی 18 راولپنڈی سے سابق ایم این اے شکیل اعوان امیدوار، پی پی 3 اٹک سے چودھری نثار کے بہنوئی آصف ملک، پی پی 7 کہوٹہ پر راجہ ظفر الحق کے صاحبزادے راجہ محمد علی کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں این اے 133 سے زعیم قادری آؤٹ، ٹکٹ وحید عالم کو مل گیا، این اے 87 سے سائرہ افضل تارڑ، این ے 84 اظہرقیوم ناہرہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ محسن شاہنواز رانجھا این اے 89 سرگودھا سے ن لیگ کے امیدوار ہونگے جبکہ شیخوپورہ کے 2 حلقوں پر سگے بھائیوں کو ٹکٹ مل گیا۔

این اے 119 پر رانا افضال اور این اے 120 پر رانا تنویر امیدوار، این اے 121 پر میاں جاوید لطیف اور این اے 122 پر عرفان ڈوگر، این اے 113 سے سابق جج خلیل الرحمان رمدے کے بھائی اسد الرحمان رمدے کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

این اے 115 پر شیخ وقاص اکرم کو ن لیگ کا ٹکٹ جاری، این اے 164 سے تہمینہ دولتانہ ،این اے 170 پر بلیغ الرحمان، این اے 171 سے ریاض پیرزادہ اوراین اے 172 پر سعود مجیدامیدوار ہیں۔

چودھری نثار ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے یا نہیں؟ پارٹی قیادت اور سابق وزیر داخلہ دونوں کی طرف سے بظاہر درمیانی راہ نکلتی نظر آ رہی ہے۔ ن لیگ نے چودھری نثار کو ٹکٹ تو نہیں دیا لیکن ان کے مقابلے میں دونوں حلقوں سے کوئی امیدوار بھی کھڑا نہیں کیا۔

دوسری طرف چودھری نثار بھی ٹکٹ کی درخواست نہ دینے کی ضد پر قائم رہے لیکن ن لیگ سے راہیں بھی جدا نہیں کیں۔ کہتے ہیں ٹکٹ نہیں عزت زیادہ اہم ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق ابھی ٹکٹوں کی پہلی فہرست جاری کی گئی ہے، حتمی اور مکمل لسٹ دو دن میں جاری کی جائے گی۔