پاکستان کے سیاسی خاندانوں کا مافیا ہر چیز پر قابض ہے۔ ناہید خان

Naheed Khan

Naheed Khan

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر صفدر عباسی اور ناہید خان نے بھی پانامہ لیکس اسکینڈل پر وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہر اسکینڈل میں سیاستدانوں کا نام آتا ہے، کرپشن کی وجہ سے سیاستدانوں کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔

تحقیقات تک میاں محمد نواز شریف کو وزیر اعظم رہنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے۔جن سیاستدانوں کے نام پانامہ لیکس میں موجود ہیں وہ استعفے دیں۔ملک میں سیاسی خاندانوں کا ایک مافیا ہے جو ہر چیز پر قابض ہے۔بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم سے استعفیٰ سے قبل اپنے والد اور پھو پھی سے پوچھیں ان کے پاس کتنی آف شور کمپنیاں ہیں اور ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ہے۔

رینجرز سے اپیل ہے کہ وہ عذیر بلوچ اور ڈاکٹر عاصم کے محترمہ شہید بے نظیر بھٹو سے متعلق انکشافات کی جے آئی ٹی اور ویڈو یوز کو منظر عام پر لائیں۔وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ناہید خان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہیں اگر ان کا نام پانامہ لیکس میں نہیں ہے تو ان کے بچوں کا نام تو موجود ہے اس لئے وہ اپنی پوزیشن سے استعفیٰ دیں۔وزیر اعظم ہاو¿س ایک ادارہ ہے اس کو استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے درمیان مک مکا ہو چکا ہے سب ایک دسرے کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم کے پاس اب کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں ہے کہ وہ اس عہدے پر موجود رہیں۔ناہید خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم سے استعفیٰ سے قبل اپنے والد آصف علی زرداری اور پھو پھی فریال تالپور سے پوچھیں ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ہے اور ان کی کتنی آف شور کمپنیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایکسٹر اپوزیشن اتحاد قائم کریں گے جس کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے کریں گے۔

دریں اثناء پیپلز پارٹی ورکز کے صدر صفدر عباسی نے کراچی کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس 93 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں اور یہ ہماری پارٹی کا ٹیسٹ ہوگا۔اس نشست پر پیپلز پارٹی ورکرزکاامیدوار روجھان آفریدی ہو گا۔