آج کا پاکستان 3 سال پہلے کے پاکستان سے بہت بہتر ہے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

دوحہ (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج کا پاکستان تین سال پہلے کے پاکستان سے بہت بہتر ہے ، یہ ہم نہیں کہتے لوگ کہتے ہیں، عالمی بینک کے صدر بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کو سراہتے ہیں ، امن و امان بھی بہتر ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا قطر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ کراچی کے حالات پر وہاں کے لوگوں سے پوچھیں بہتری آئی ہے، آپریشن ضرب عضب کو بھی منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا ہےکہ پی آئی اے ملازمین نے ہڑتال ختم کردی ہے اب انہیں کہا ہےکہ ادارے کی بہتری کے لیے کام کریں،قطر سے دوطرفہ تجارت کو ایک ہزار ملین ڈالرز تک لے جائیں کے ، ایل این جی کی درآمد سے ملک کو سستی بجلی ملے گی، ہم نہ صرف بجلی کی قلت ختم کررہے ہیں بلکہ اس کی قیمت بھی کم کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ حکومتوں نے بجلی کے معاملات پر توجہ دی ہوتی تو آج یہ بحران نہ ہوتا،آج معاشی اشاریے بہتری کی طرف ہیں اور اس کااعتراف ورلڈ بینک کے صدر نے بھی کیا ہے۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ معیشت میں بہتری کے ساتھ امن و امان کی صورتحال بھی مزید بہتر ہوگی ۔