کراچی کی خبریں 26/12/2015

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابائے قوم محمد علی جناح کے 139ویں یوم پیدائش کے موقع پرمحب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر سلیمان سولنگی راجپوت ‘ سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ صدر ہیومن رائٹس ونگ حاجی امیر علی خواجہ ‘ صدر کراچی ڈویژن اقبال چاند ‘ صدر شعبہ خواتین میڈم انیتا اورانفاریشن سیکریٹری و دیگر عہدیداران و کارکنان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دیکر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر پٹی نے کہا کہ قائد اعظم پاکستان کو فلاحی و اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے مگر انگریزوں کے نمک خوار استحصالیوں نے پاکستان کے وسائل و اقتدار پر قابض ہوکر عوام کو یرغمال بنالیا ہے اور حکمرانوں کی منافقانہ و مفاد پرستانہ پالیسیاں پاکستان کو سامراج کی غلامی کی جانب گھسیٹ رہی ہیں جبکہ ایم آر پی نے پاکستان کو قائد کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کیلئے خود مختار ڈویژنل کونسلوں کی تشکیل کے ذریعے عوام کو بااختیاروخوشحال اور پاکستان کو ترقی یافتہ و مستحکم بنانے والی مقامی خودمختاری کا جو فارمولہ پیش کیا ہے استحصالی طبقات اور حکمران اس سے خوفزدہ ہیں اور اس فارمولے کے عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں کیونکہ وہ عوام کو خوشحال و خود مختار اور با اختیا ر نہیں بلکہ محکوم و غلام دیکھنا چاہتے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجراتی سرکار سورٹھ ویر کی وزیراعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد
اللہ میاں صاحب کو لمبی عمر اور پاکستان و عوام سے محبت و قوم کی خدمت کا جذبہ بھی عطا فرمائے
جی کیو ایم سربراہ کی بانی پاکستا ن محمد علی جناح ؒکے مزار پر حاضری و فاتحہ خوانی اور میڈیا سے گفتگو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے 139ویں یوم پیدائش پر مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی اور تعمیر وترقی وطن کیلئے دیانتداری سے محنت و جدوجہد کرنے کی عزم کی تجدید کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گجراتی سرکار نے میڈیا کی وساطت سے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ میاں صاحب کو لمبی عمر کے ساتھ پاکستان و عوام سے محبت اور قوم کی خدمت کا جذبہ بھی عطا فرمائے اور ان کی سربراہی میں قائم جمہوری حکومت کو منافقت و مفادات اور کرپشن کی روش و روایت سے بچاتے ہوئے دیانتداری سے حکمرانی او پالیسی سازی کے ذریعے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر محفوظ مستقبل کی جانب لیجانے کی ہدایت عطا فرمائے کیونکہ دھاندلی کے الزامات کے باوجود موجودہ حکومت جمہوری نظام سے وجود میں آئی ہے اسلئے جمہوری رویئے سے اس حکومت کو برداشت کرنے اور جمہوری طرز حکمرانی کے ذریعے قومی مفادات کو ترجیح دینے میں ہی ملک وقوم اور حکومت و حکمرانوں کی فلاح و بقا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیپلز پارٹی ایک بار پھر سندھ کارڈ کھیلنے کی کوشش کررہی ہے‘ سولنگی اتحاد
رینجرز اختیارات کی مدت میں توسیع کے وفاقی راست اقدام کو سندھ پر حملہ قرار دینا عوام کو ورغلانا ہے
عوام پر حکمران استحصالی طبقات عوام کو اپنے مفادات کی سمت چلانے کیلئے گمراہ کررہے ہیں ‘ امیر سولنگی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان سولنگی اتحاد کے برزگ رہنما میر سولنگی نے رینجرز اختیارات کی مدت میں توسیع کے وفاقی فیصلے کو پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ ر حملہ قرار دیئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے رینجرز اختیارات برقرار رکھنے اور کرپشن کیخلاف آپریشن کی اجازت کو سندھ پر حملہ قرار دینے والے بتائیں کہ دہشتگردی وکرپشن کیخلاف وفاق و رینجرز کے اقدامات اگر سندھ پر حملہ ہیں تو پھر اسمبلی بیٹھ کر نوکریاں فروخت کرنے ‘ پولیس سازوسامان و سیکورٹی آلات کی خریداری میں کمیشن وصولنے ‘ سرکاری اراضی کو اونے پونے داموں منظور نظر افرادمیں بانٹنے ‘ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن و خردبرد کرنے ‘جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے اور خواہش پرستش کی تسکین کیلئے پرٹوکول کے نام پر شاہرانوں کی بندش کے ذریعے صنعتی ‘ تجارتی ‘ اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچاکر معیشت کو برباد کرنے اور دیہاڑی دار مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے ساتھ مریضوں کی زندگی کیلئے خطرات پیدا کرنے والے عوام کی کون سی خدمت کررہے ہیں جس کی بنا ¿ پر ان کی جائیداد ‘ مال و املاک ‘ بینک بیلنس اور تکبر و تفاخر میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب ان کی اکڑی ہوئی گردنیں احتساب کے خوف سے ہلنے لگی ہیں تو یہ سندھ پر حملے کا شور وواویلہ مچاکر سندھ کارڈ کے ذریعے ایکبار پھر معصوم عوام کو بے وقوف بناکر اپنی مفادات کی سمت چلانے کیلئے گمراہ کررہے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نواز مودی ملاقات کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں ‘ راجونی اتحاد
بھارتی قیادت چانکیا کی پیروکار اور چانکیائی سیاست سازشوں سے عبارت ہے‘ عارف راجپوت
پاکستان کے مستقبل کیلئے نوازمودی ملاقات کے نتائج انتہائی اہمیت کے حامل ہوسکتے ہیں‘ اقبال ٹائیگر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نواز مودی ملاقات اور نریندر مودی کی اچانک پاکستان آمد یقینا تحیر انگیز ہے مگر اس ملاقات سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری یا خطے میں پائیدار امن کے حوالے سے خوش گمانیوں پاکستان وبھارتی عوام کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ بھارتی قیادت چانکیا کی پیروکار اور چانکیائی سیاست سازشوں سے عبارت ہے اس لئے بھارت اور بھارتی سیاستدانوں پر اعتماد نے ہمیشہ پاکستان و عوام کو نقصان پہنچایا ہے ۔ پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی © ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن ودیگر نے پاکستانی قیادت و عوام کو نریندر مودی کی پاکستان آمد اور نواز مودی ملاقات کی خوش گمانیاں پالنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت اس ملاقات کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں اس ملاقات کے پس منظر و حقائق کے ساتھ تمام تفصیلات سے پاکستان کے عوام کو آگاہ کیا جائے کیونکہ پاکستان کے مستقبل کیلئے اس ملاقات کے نتائج انتہائی اہمیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔