پاکستان ریلوے کا نیا دور، ای ٹکٹنگ کی سہولت متعارف

Railway

Railway

کراچی (جیوڈیسک) دنیا کے ہر ملک کی طرح پاکستانی ریل گاڑیاں بھی ملکی معیشت کی دھڑکن ہیں۔ اس دھڑکن کو لمبی عمر دینے اور انہیں کامیاب رکھنے کے لئے جو کوششیں حالیہ مہینوں اور سالوں میں ہوئی ہیں، انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ای ٹکٹنگ کی سہولت کو ہی دیکھ لیجئے جس کا افتتاح گزشتہ ہفتے ہوا اور جس کی بدولت اب آپ کو ٹکٹوں کے حصول کے لئے لمبی لمبی لائنوں میں نہیں لگنا پڑے گا بلکہ اب آپ گھر بیٹھے ہی ٹکٹ بک کراسکتے ہیں۔

ہے نا بالکل جہاں جیسی سہولت۔ ای ٹکٹنگ کے لئے پاکستان ریلوے کی ویب سائٹ وزٹ کریں، آسانی سے اور لمحوں میں خود کو رجسٹر کرائیں اور مقررہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے گھر بیٹھے مطلوبہ ٹرین کا ٹکٹ حاصل کریں۔

اس سلسلے میں ایس ایم ایس بھی آپ کے لئے نہایت موزوں ہے کیوں کہ ٹکٹوں کی تصدیق آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے ہی موصول ہوگی۔

ٹکٹ کیلئے رقم کی ادائیگی کریڈٹ اور ڈیبٹ دونوں کارڈز کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے ہی آپ کو کرائے، تاریخ روانگی، وقت، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر، بوگی اور سیٹ نمبر کی تفصیلات معلوم ہوسکیں گے۔

یہی ایس ایم ایس آپ کا ’ای ٹکٹ‘ تصور کیاجائے گا اسے ہی دکھا کر آپ ٹرین میں سفر کرسکیں گے۔

یہ سہولت گھنٹوں پر مشتمل تکلیف دے انتظار، سہولتوں کے فقدان اور انجنوں کی ناکامی کے واقعات سے محکمے پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے میں معاون ثابت ہوگی، ورنہ عوام بھول ہی گئی تھی کہ پاکستان میں بھی ریل کے سفر کو کبھی جہاز کی طرح آرام دہ بنایا جاسکتا ہے۔

وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ای ٹکٹنگ سسٹم گرین لائن ٹرینز اور لاہور، راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کارز پر نافذ ہوگیا ہے، جبکہ اگلے 8ماہ کے دوران باقی تمام ٹرینوں کو بھی ای ٹکٹنگ سسٹم سے مربوط کر دیا جائے گا۔