پاکستان اور سعودی عرب کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

Prince Mohammad Bin Salman and Mohammad Nawaz Met

Prince Mohammad Bin Salman and Mohammad Nawaz Met

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم میاں نواز شریف کے درمیان اسلام آباد میں اتوار کی رات ملاقات میں ہوا ہے۔

سعودی وزیر دفاع نے میاں نوازشریف سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات ،دفاعی شعبے میں تعاون ، دہشت گردی کے خلاف جنگ ،سعودی عرب کی قومی سلامتی سے متعلق امور سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ذرائع کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ بھی ملاقات کرنے والے تھے۔

اس سے پہلے سعودی نائب ولی عہد اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اتوار کی شب چک لالہ کے نور خان ائیربیس پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور دوسرے اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔

اس کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی کابینہ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس موقع پرپاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے بعد ایشیا کے دو اہم ملکوں چین اور جاپان کے دورے پر جائیں گے۔ چین میں شاہی مہمان گروپ 20 ممالک کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ یہ دورہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کر رہے ہیں۔