پاکستان ایک ہزار چھکے لگانے والی پہلی ایشیائی ٹیم

Cricket Team

Cricket Team

میر پور (جیوڈیسک) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی، اس نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کیخلاف میرپور ٹیسٹ میں حاصل کیا۔

میچ سے قبل پاک بھارت ٹیمیں995 چھکوں کے ساتھ ریکارڈ میں شریک تھیں، مگر اب پاکستان نے یہ تعداد 1005تک پہنچا دی ہے، اب تک آسٹریلیا 1463، ویسٹ انڈیز 1429، انگلینڈ 1409 اور نیوزی لینڈ 1060چھکے رسید کر چکے ہیں، حالیہ میچ میں ہی مصباح الحق نے اپنے چھکوں کی ففٹی بھی مکمل کر لی۔

دریں اثنا ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار پاکستان نے حریف کو 500 سے زائد کا ہدف دیا، اس سے قبل ٹیم نے2006میں بھارت اور2014میں جب آسٹریلیا کو اس دبائو کا شکار کیا تو بالترتیب341اور356 رنز کی فتوحات ہاتھ آئی تھیں۔پہلی اننگز میں 300 یا زائد رنز کی سبقت لے کر اب تک صرف ایک ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس رسوائی کا شکار 2006میں انگلینڈ کیخلاف گرین کیپس ہوئے جب بال ٹیمپرنگ تنازع کے سبب کپتان انضمام الحق نے ٹیم کو گرائونڈ میں لے جانے سے انکار کر دیا، اس میچ میں انگلش سائیڈ کو فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔
میرپور ٹیسٹ کے دوران بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے کیریئر کا اہم سنگ میل عبور کرلیا، وہ3ہزار رنز بنانے والے ملک کے دوسرے بیٹسمین بن گئے، ان سے قبل حبیب البشر نے 3026رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کیخلاف جاری میچ کی دوسری اننگز میں32 پر ناٹ آئوٹ تمیم کے پاس ہفتے کے روز بنگلہ دیشی آل ٹائم ٹاپ اسکورر بننے کا موقع بھی ہوگا، وہ اب تک3010رنز بنا چکے، مزید 17رنز انھیں حبیب البشر سے آگے لے جائیں گے۔ اسی میچ میں شکیب الحسن کو شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

انھوں نے گرین کیپس کیخلاف ناقابل شکست 89رنز کی اننگز کے دوران ریکارڈ بک میں نام درج کرایا، کسی ایک وینیو پر ایک ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے واحد بنگلہ دیشی بیٹسمین شکیب اپنا مجموعہ1045تک پہنچا چکے ہیں۔