پاکستان 8 ایف سولہ کے بعد 10 اور خریدے گا،برطانوی جریدہ

F-16s

F-16s

کراچی (جیوڈیسک) برطانوی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان8 ایف سولہ طیاروں کے حتمی خریداری کے معاملہ طے ہونے کے بعد امریکا سے مزید دس ایف سولہ طیارے خریدے گا۔

برطانوی دفاعی جریدے آئی ایچ ایس جینز ڈیفنس نے پاکستا ن کے اعلیٰ سرکاری حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان آٹھ جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی تکمیل کے بعد اب لاک ہیڈ مارٹن بلاک 52 کے مزید دس کثیر جہتی ایف سولہ خریدنے کی کوشش کرے گا۔

تاہم آرڈر کے لیے وقت کا تعین ہونا باقی ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے فروری میں پاکستان کو آٹھ اضافی ایف 16 طیاروں کے ساتھ ساتھ راڈار اور دیگر آلات فروخت کرنے کی منظوری دی تھی، ان میں دو سنگل سیٹ ایف سولہ سی ایس اور چھ جڑواں ایف سولہ ڈی ایس شامل ہیں جن کی مالیت 699ملین ڈالر ہے۔

سینئر پاکستانی سرکاری حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید دس ایف سولہ طیارے خریدنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔پاکستان کے پاس پہلے سے موجود ایف 16 طیاروں کی تعداد 84 ہے۔

جریدے کے مطابق امریکی کانگریس کے کچھ ارکان کی طرف سے پاکستان کو ان طیاروں کی فروخت کی مخالفت کی گئی اس کی بنیاد یہ بنائی گئی کہ پاکستان عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف افغانستان میں زیادہ سرگرمی نہیں دکھا رہا۔ تاہم امریکی سینیٹ نے پاکستان کو آٹھ ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت روکنے سے متعلق قرارداد کو مسترد کر دیا۔