پاکستان عوامی سوسائٹی، کویت کے زیراہتمام عارفانہ کلام سے سجی ”شبِ وجدان“ کا انعقاد

Shab E Wajdan

Shab E Wajdan

کوت (محمد عرفان شفیق) پاکستان عوامی سوسائٹی، کویت کے زیرِ اہتمام بیداری شعور، اسلام، پاکستان اور آگہی کے حوالے سے صوفی ہستیوں کے عارفانہ کلام سے سجی ”شبِ وجدان“ کا انعقاد ہوا۔جس میں کویت میں مقیم پاکستان کے نامور فنکاروں نے اپنے خوبصورت انداز میں ترنم، سُر اور تال کے ساتھ عارفانہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز حافظ عبدالرشید نے تلاوت قرآن حکیم سے کیا جبکہ نعت رسولﷺ کی سعادت تنویر فاضل نے حاصل کی۔ تقریب میں کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

عظیم الشان روحانی محفل میں محمد اعجاز مغل،محمد فیصل نقشبندی، ریاض کریم سلطانی نے صوفیانہ کلام کو انتہائی خوبصورت لہجے میں ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ترجمان معروف گلو کار رضوان بھٹی نے مشہور عارفانہ کلام ”مولا معاف کریں توں“ منفرد انداز میں پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ہونہار ننھی نعت خوانانِ مصطفی ﷺ نبیہہ طاہر، طیبہ طاہر، ادبیہ طارق نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں صوفیائے کرام کا لکھا ہوا کلام مقامی فنکار ظفر غوری نے طبلہ، ہارمونیم اور ڈھولک کے ذریعے پیش کیا جبکہ سعید ہزاروی نے بانسری کے سُروں سے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کرتے ہوئے محمد حنیف قریشی، میاں محمد آصف اور کاشف کمال نے نیک سیرت بزرگانِ دین کی تعلیمات، افکار اور واقعات پیش کرتے ہوئے ذات ِالہی کے قرب کی لذت کا پیغام حاضرین تک پہنچایا۔

پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے متحرک کارکن ملک فیاض فوجی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا اور آخرت میں سُرخروئی حاصل کر سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل سکول و کالج آف پاکستان کے طلبا نے معروف کلام ”تیرے رنگ رنگ“ پہ خصوصی ٹیبلو پیش کیا جسے شرکائے محفل نے خوب سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔
پاکستان عوامی سوسائٹی، کویت کے صدر سید جعفر صمدانی نے کہا کہ ہمیں صوفیائے کرام کے کلام میں ایک چیز جو بار بار ملتی ہے،جو منبع و محور ہے۔

وہ خدائے بزرگ و برتر کی ذات کا قرب حاصل کرنا ہے۔ امن کا پیغام، اللہ پاک کے دئیے پر شکر گزاری، انسانیت سے محبت،دنیا کی محبت سے غفلت اورآخرت کی فکر اولیاء اللہ کے ہاں زندگی کی ترجیحات ہیں۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے صدر حاجی عبدالرشید نے اللہ پاک کے حضور امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اور پاکستان عوامی سوسائٹی،کویت کے مشن میں برکت و استقامت کی دعا کی۔ تقریب کے آخر میں تمام مہمانوں کی خدمت میں پُرتکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔