پاکستان اسٹیل کی نجکاری کا عمل تیز کر دیا گیا

Pakistan Steel

Pakistan Steel

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کی نج کاری کے لیے روڈ شو آئندہ ماہ چین میں منعقد ہوگا۔ نج کاری کمیشن کے سربراہ محمد زبیر کی سربراہی میں پاکستان کا وفد ستمبر کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی نج کاری کا کام تیز کردیا گیا ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کو رواں سال کے آخر تک پاکستان اسٹیل کی نج کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان اسٹیل کے قرضہ جات اور نقصانات کی مجموعی مالیت 325ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

انتظامیہ تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان اسٹیل کے پیداواری اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کا پریشر کم کیے جانے کی وجہ سے پیداوار بند ہوچکی ہے جبکہ کے الیکٹرک نے بھی کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کے نج کاری کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ فنانشل ایڈوائزر نے پاکستان اسٹیل کا جائزہ مکمل کرکے رپورٹ نج کاری کمیشن کو ارسال کردی ہے جس میں پاکستان اسٹیل کی مالی صورتحال اور پلانٹ کی بد حالی سمیت انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پاکستان اسٹیل کے پاس 25ہزار ٹن سے زائد کا تیار مال موجود ہے جس کی فروخت میں مختلف وجوہات کی بنا پر ناکامی کا سامنا ہے اور تیار مصنوعات بھی مالیاتی بوجھ بن کر رہ گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی نج کاری میں چینی کمپنیاں گہری دلچسپی لے رہی ہیں جو پاک چین اقتصادی کوریڈور منصوبے کیلیے فولاد کی ضرورت پاکستان اسٹیل کے ذریعے پوری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں چینی کمپنیوں کا ایک وفد پاکستان اسٹیل کا دورہ بھی کرچکا ہے۔