پاکستان اسٹیل : ملازمین کو تنخواہوں کے واجبات رمضان سے قبل ادا کر دیے جائیں گے

Pak Steel Mill

Pak Steel Mill

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو جون تک کی تنخواہوں کی ادائیگی کی سمری نجکاری کمیشن (پی سی) کو ارسال کردی ہے۔

پاکستان اسٹیل کے ذرائع کے مطابق ملازمین کو جون تک کی تنخواہوں کی ادائیگی 2 مراحل میں کی جائیگی، پہلے مرحلے میں دسمبر سے مارچ تک کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی جس کے بعد اپریل سے ماہانہ بنیادوں پر تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل کی صورتحال بہتر بنانے اور گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کے لیے اضافی رقوم مختص کرنے کے لیے بھی نج کاری کمیشن کے ذریعے وزارت خزانہ سے رجوع کیا جائے گا۔

پاکستان اسٹیل کے سی ای او کا اضافی چارج سنبھالنے والے وفاقی سیکریٹری صنعت وپیداوار خضرحیات گوندل کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے سینئر ڈائریکٹر واصف محمود اور وزارت صنعت و پیداوار کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں واجبات کی ادائیگی رمضان سے قبل کر دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی تیار مصنوعات کی فروخت پر نجکاری کمیشن کی جانب سے عائد کردہ غیراعلانیہ پابندی کے خاتمے کی تجویزدی جائے گی۔

ساتھ ہی ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹی کی ادائیگی کے لیے 5 ارب روپے کا فنڈ مختص کرنے کی تجویز دی جائے گی جس سے ریٹائر اور فوت شدہ ملازمین کو ترجیح بنیادوں پر ادائیگی عمل میں لائی جائے گی۔