پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، سربراہ پاک بحریہ

MR zaka

MR zaka

کراچی (جیوڈیسک) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے اورہمیں دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی۔

کراچی میں پاک بحریہ کی 105ویں مڈشپ مین اور14 ویں شارٹ کورس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں بحرین کے20،لیبیاکے10 اورسعودی عرب کے30 کیڈٹس بھی شامل تھے۔
پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نا سمجھا جائے، پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی، ہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیےتیار ہیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستا ن امن سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے قومی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے، پاک بحریہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردعناصر کے خلاف کارروائیوں میں پاک بحریہ بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہے۔