باطل قوتوں کو شکست دینے کے لئے قرآن و سنت کی دعوت کوآگے بڑھانا ہوگا، اسامہ رضی

Usama Razi

Usama Razi

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ مطیع الرحمن کو پھانسی دینے والے اسلام دشمن طاقت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ پورے سال انسان مادیت پرستی میں رہ کر آخر ت کو بھلا دیتا ہے۔ روشن خیال اور سیکولر لوگوں کو مغر ب کی دنیا میں امانت داری اور پاک بازی نظر آتی ہے۔ حقیقت میں ہر کرپٹ اور ظلم و تشدد میں سب سے پہلا نام یورپی ممالک کے حکمرانوں کا آتا ہے۔ پاناما لیکس میں بھی 80 فیصد نام یورپ کے سیاست دانوں کا ہے۔ انسان کی اصل خوشی دولت اور شہرت میں نہیں بلکہ اسلامی خاندانی نظام ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نارتھ ناظم آباد زون کی یوسی 17میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون اویس یاسین سمیت دیگر نائب امراء زون بھی موجود تھے۔

اسامہ رضی نے کہا کہ شعبان کے بعد ماہ رمضان میں درحقیقت جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ یہ ہی وہ مہینہ ہوتا ہے جس میں انسان عملی مغفرت کی دوڑ میں آگے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ انہی دنوں ہر فرد دنیا کے کاموں کو چھوڑ کر آخرت کی فکر میں لگ جاتا ہے۔ یہ ماہ اللہ سے قربت بڑھانے اور اللہ کو راضی کرنے کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ اس ماہ میں ہر شخص ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ روزے کا اصل مزہ محنت مشقت کے بعد افطار کرنے میں آتا ہے۔ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس میں زندگی کے تمام روز مرہ کے احکامات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ خودکشی پاکستان میں نہیں بلکہ یورپ کے ممالک میں ہوتی ہے، جس کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ اسلام اس دنیا میں غالب ہونے کے لئے آیا ہے اور غالب ہوکر رہے گا۔ ریاست کا کام عوام کو عدل انصاف فراہم کرنا ہے۔#