پاکستان کا وائٹ واش، آخری ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست

Pakistan vs Sri Lanka

Pakistan vs Sri Lanka

شارجہ (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کھیلے جا رہے آخری ون ڈے میچ میں بھی پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے۔ تمام سری لنکن کھلاڑی پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور ٹک کر نہ کھیل سکے۔ نوجوان گیند باز عثمان خان شنواری نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 اوورز میں صرف 34 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے دیگر باؤلرز میں حسن علی اور شاداب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سری لنکا کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

مہمان ٹیم کے کپتان اُپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا۔ نوجوان فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری نے باؤلنگ شروع کرتے ہی سری لنکن ٹیم کی دھجیاں اڑا دیں اور پہلے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان اُپل تھرنگا 8، سدیرا سمارا وکرما صفر، دنیش چندی مل صفر، ڈکویلا صفر اور ملینڈا سری وردنا صرف 6 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ نوجوان حسن علی کے حصے میں آئی جنہوں نے تھرمنے کو کیچ آؤٹ کروا کے واپس بھیجا۔ اس کے بعد ساتویں کھلاڑی پرسانا رن آؤٹ ہو کر واپس لوٹے۔ جبکہ تھریسا پریرا 25 اور جیفری ویندرسے صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چمیرا تھے جو صرف 11 رنز بنا سکے۔ یوں سری لنکا کی پوری ٹیم چھبیس اعشاریہ دو اوورز میں صرف 103 رنز بنا سکی۔

صرف 104 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی اوپنرز میدان میں اترے اور صرف بیس اعشاریہ دو اوورز میں اسے حاصل کر کے ناصرف یہ میچ بلکہ سیریز بھی اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 45 جبکہ فہیم اشرف نے 5 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فکر زمان تھے جنہوں نے 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔