وزیرآباد کی خبریں 24/11/2016

Wazirabad News

Wazirabad News

وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ، ٹکٹ ہولڈر حلقہ این اے 101 محمد احمد چٹھہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان حکومت ملک کو اندھیروں کی طرف لیکر جارہی ہے 2018ء کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ملک کو کھربوں روپوں کا مقروض بنایا جارہا ہے اربوں کھربوں کے لئے گئے قرضے بھی اگر ملکی معاملات کی بہتری پر لگا دیئے جائیں تو حکومتی نادانیوں کے نقصانات قدرے کم ہوسکتے ہیں مگر بھاری قرضوں پر بھاری کمیشن اور بھاری ہیرا پھیری کے ذریعے ملکی معیشت کا بھرکس نکالا جارہا ہے۔محلہ شیرو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان، حواری پانامہ کیس میں جھوٹ در جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، عوام ان کی حقیقت کو جان چکے ہیں ۔ چوروں ڈاکووں کیلئے اپنی جھوٹی عزت بحال کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے نانا اور والدہ کی تصویر کے پیچھے چھپ کر سیاست کرنے والا زرداری کا بیٹا بھٹو درحقیقت موروثی سیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف ہے۔ دونوں پارٹیوں کے ذمہ دار اپنے خاندانوں کے بچائو اور کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے رکھ رکھائو سے کام چلا رہے ہیں ۔اربوں روپے کرپشن کے ملزمان کو پارٹی کے عہدوں سے نوازہ جارہا ہے۔ آئندہ انتخابات سے قبل چند لیڈر اپنی کرپشن کی وجہ سے سیاست میں نہیں بلکہ جیلوں میں ہوں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے اس سے قبل کبھی ایسا موقعہ نہیں آیا۔نواز حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے حالات رو ز بروز خراب ہورہے ہیں۔آج بھی پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے ، ہم نے ہمیشہ عوام کیلئے قربانیاں دیں اور عوام ہی کی بات کی۔ان خیالات کا اظہار ضلعی پاکستان پیپلز پارٹی گوجرانوالہ چوہدری اعجاز احمد چیمہ ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) یا دیگر سیاسی جماعتیں غیر جمہوری ہیں۔ ملک کے خراب حالات کی ذمہ دار خاندانی بادشاہت ہے۔ملکی ادارے ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے۔ بھٹو خاندان کا دامن کرپشن سے پاک تھا۔پیپلز پارٹی کو مختلف ادوار حکومت میں دبانے کی کوشش کی گئی جس کا نتیجہ ہر بار یہی آیا کہ یہ جماعت عوام میں اور زیادہ مقبول ہوتی گئی۔ شریف خاندان ملک کو تباہی کے رستے پر لیکر جارہا ہے ۔ تخت لاہور والوں کا آئندہ انتخابات میں وہ حشر ہوگا کہ اس جماعت کا نام لیوا کوئی نہیں ہوگا۔ فرضی پھرتیاں دکھا کر سب اچھا کے راگ الاپنے والوں کے مقدر میں ناکامی لکھ چکی ہے۔ عوام ان کے روپ بہروپ کو پہچان چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی بالغ عمری سے قبل ہی سیاسی موت واقع ہوگئی اور اس کی بڑی وجہ عمران خان کی بچگانہ حرکتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کی حمایت یہ ثابت کردے گی پیپلز پارٹی ہی عوام کی واحد آواز ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں ترقی وخوشحالی کا حقیقی انقلاب آئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) چیمبر آف ایجوکیشن وزیرآباد کے عہدیداروں کا ضلع گرجرانوالہ کے تعلیمی افسران کیساتھ تعلیمی امور پر مشاورت کی غرض سے ایک اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہو اجسکی کی صدارت چیمبر آف ایجوکیشن کے صدر اشفاق احمد وڑائچ اور صابر حسین بٹ نے کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز گوجرانوالہ ملک محمد سلیم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سکینڈری ثاقب شعیب اور دیگر نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کا آپس میں اشتراک ضروری ہے، آپس میں مل بیٹھ کر بہت سے مسائل کا پائیدار حل تلاش کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے چیمبر آف ایجوکیشن کی جانب سے تعلیمی شعبہ کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمہ اور نظام تعلیم کی مزید بہتری کیلئے دی جانے والی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو عام کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کیلئے پرائیویٹ سیکٹرکو بھرپور ریلیف دیا جارہا ہے ۔سکولوں کے سربراہان،اساتذہ پنجاب ایگزمینیشن کمیشن کیساتھ زیادہ سے زیادہ طلبا وطالبات کو رجسٹرڈ کرواکے معاشرے کی بہتری ،فروغ تعلیم کیلئے حکومتی کوششوں میں معاون بنیں۔ثاقب شعیب اور دیگر نے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کررہی ہے گزشتہ سالوں کی نسبت عوام کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد اور سکولوں میں بچے بچیوں کے داخل ہونے کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اداروں کی طرح نجی سیکٹر کو بھی زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی دائرہ کار میں لانا چاہئے۔ ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر وزیرآباد قمرالزمان ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرزآفتاب صادق،محمد ارشد سیال ، چیمبر آف ایجوکیشن کے عہدیدارصابر حسین بٹ ،عمران بھٹی، محمد فاروق مرزا اور دیگر بھی موجود تھے۔