پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

 Kashmir Solidarity Day

Kashmir Solidarity Day

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور کوہالہ پل اور منگلا پل سمیت پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے دوسرے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔

کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے آزاد کشمیر اور ملک بھر میں ریلیاں، عوامی اجتماعات، تقریبات اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

دوسری جانب کشمیری ثقافت اور روایات کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی پروگرام اور فیسٹیولز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزادکشمیر میں عام تعطیل ہے۔