پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

Pakistan vs Zimbabwe

Pakistan vs Zimbabwe

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں میزبان ٹیم سہل پسندی سے بچتے ہوئے مقصد پانے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ابتدائی دونوں میچز جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی، ٹیم اب کلین سویپ کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو یادگار بنانے کا خواہاں ہے۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی امیدیں زندہ رکھنے کیلیے بھی کامیابی خاص اہمیت رکھتی ہے، پاکستان کو اپنے پوائنٹس برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے، مہمانوں کو کلین سویپ نہ کرنے کی صورت میں گرین شرٹس کی مہم کو شدید جھٹکا لگ سکتا ہے۔

عالمی رینکنگ کے مطابق اس وقت پاکستان 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں جب کہ گذشتہ سیریز میں کلین سویپ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم 88 کے ہمراہ آٹھویں نمبر پر ہے۔

زمبابوے کو کلین سویپ کرنے پر پاکستان کے موجودہ پوائنٹس برقرار رہیں گے جس کی بدولت سری لنکا میں جیت سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات باقی رہیں گے،اگر ایسا نہ ہو سکا تو محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔