پاکستانی فوج کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہو گی، خرم دستگیر

Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے اندرونی استحکام میں پاکستان اپنا حصہ ڈالے گا، اس کا دفاع بھی ہماری ذمہ داری ہے لیکن ہماری فوج کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہو گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ گفتگو میں وزیرِ دفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج نے دہشتگردی کیخلاف بڑی کامیاب جنگ لڑی ہے اور اس کی کامیابیاں بے مثال ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجنے کیلئے گزشتہ چند ماہ سے بات چیت جاری تھی۔ پاکستان کی جانب سے تقریباً ایک ہزار ٹروپس سعودی عرب بھیجے گئے ہیں جن کی ذ٘مہ داری صرف سعودی فوج کی تربیت کرنا ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا دفاع بھی ہماری ذمہ داری ہے، سعودی عرب کے اندرونی استحکام میں پاکستان اپنا حصہ ڈالے گا، تاہم ہماری فوج کسی دوسرے ملک کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔ پاک فوج کا سعودی عرب میں صرف تربیتی رول ہو گا۔ ہم پارلیمنٹ کی قراداد پر قائم ہیں، سینیٹ میں پیش ہو کر تمام خدشات کو دور کر دیا جائے گا۔