پاکستانی فنکار دہشتگرد نہیں، پابندی لگانا غلط ہے، اجے دیوگن

Ajay Devgan

Ajay Devgan

ممبئی (جیوڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے کہا ہے کہ کسی فلم میں پاکستانی اداکار نے کام کیا تو اس کی ریلیز کے لیے پیسوں کا تقاضہ کرنا غلط ہے اور کسی پرڈیوسر کو مجبور نہیں کرسکتے کہ وہ 5 کروڑ روپے آرمی فنڈ میں جمع کروائے۔ پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں کیونکہ ہم نے کئی بار اْن کے ساتھ مل کر کام کیا اور انھیں اچھی طرح سے جانتے بھی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کے تمام لوگ پاکستانی فنکاروں کے حوالے سے اچھی طرح سے واقف ہیں کہ وہ کسی دہشت گرد تحریک کا حصہ نہیں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا دہشت گردی کا حل نہیں ہے کیونکہ کسی بھی ملک کا فنکار اس کو سپورٹ نہیں کرتا، ہم پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہیں مگر اپنے وطن کی بقاء کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔

یاد رہے ہندو انتہاء پسند تنظیم کے سربراہ اور مہارشٹرا کے وزیر اعلیٰ نے فلم اے دل ہے مشکل کے پروڈیوسر کرن جوہر سے ملاقات کی اور ریلیز کے لیے مشروط اجازت دیتے ہوئے 5 کروڑ روپے آرمی ریلیف فنڈ میں جمع کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔