پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فرانس میں کھیلوں کا انعقاد پاکستان کیلئے باعث فخر ہے۔ معین الحق

Moin-ul-Haq

Moin-ul-Haq

پیرس (میاں عرفان صدیق) سفیر پاکستان برائے فرانس معین الحق نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فرانس میں مختلف کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کا تصور فرانس میں بہتر ہو رہا ہے۔

یہ بات سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیئے گئے والی بال ٹورنامنٹ کے موقع پر کہی جو گذشتہ روز پیرس کے نواحی علاقے میں منعقد کیا گیا تھا۔ جسے پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ فرانسیسی شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ سفیر پاکستان نے والی بال ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ جس کا انعقاد پاکستان کی آزادی کے 70ویں سال کے مکمل ہونے کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد، کھیل کے دوران بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے اور بہترین رویئے کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اس قسم کی تقریبات کے انعقاد سے فرانس میں پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کا تصور بہتر ہو رہا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں 12 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں فرانس، اٹلی، سپین، ناروے، ڈنمارک، ندرلینڈاور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد حیدری والی بال ایسوسی ایشن فرانس نے کیا تھا۔