پاکستانی فیلڈرز کو خواب غفلت سے جاگنے کا پیغام

Grant Flower

Grant Flower

ٹائونٹن (جیوڈیسک) پاکستانی فیلڈرزکو خواب غفلت سے جاگنے کا پیغام مل گیا، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ کے بعد کھلاڑی زیادہ فٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فٹنس اور فیلڈنگ ناقص ہونے کہ وجہ سے پاکستان نے کئی بار جیتے ہوئے میچ ہارے ہیں، ایشیا کپ اور ورلڈٹوئنٹی 20میں ناکامیوں پر سخت تنقید کے بعد جہاں مینجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ ہوئی، وہاں کرکٹرز کو سپر فٹ بنانے کی مہم کا بھی آغاز ہوا، فیلڈنگ میں بہتری لانے پر بھی خاص توجہ دی جارہی ہے، ایک انٹرویو میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں فیلڈنگ کا کردار انتہائی اہم ہوچکا ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھربھی پاکستانی کرکٹرز کی اس شعبے میں خامیاں جلد از جلد دور کرنے کے خواہاں ہیں، مہارت بہتر بنانے کیلیے اسٹیو ارکسن کی خدمات حاصل کرنا خوش آئند ہے۔

انھوں نے فیلڈنگ انٹرنیشنل معیار کے مطابق لانے کیلیے کھلاڑیوں کو خواب غفلت سے جاگ جانے کا پیغام دیدیا ہے۔ گرانٹ فلاور نے کہا کہ اچھی فیلڈنگ کیلیے فٹنس کا بہتر ہونا بہت ضروری ہے، پاکستانی کرکٹرز نے کاکول اکیڈمی میں سخت ٹریننگ کے بعد انگلینڈ پہنچ کر ہیمپشائر میں بھی بڑی محنت کی ہے۔

وہ پہلے کی نسبت زیادہ فٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں،شائقین یقینی طور پر ٹیم کی فٹنس اور فیلڈنگ میں واضح فرق محسوس کرینگے۔ یاد رہے کہ اسٹیو رکسن نے بدھ کو ہی ہیمپشائر میں اسکواڈ کو جوائن کیا تھا، اس سے قبل گرانٹ لیوڈن ٹرینرکیساتھ فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالے ہوئے تھے۔