گالیاں دینے والے پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں، وزیرِاعظم عباسی

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

شیخوپورہ (جیوڈیسک) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو پندرہ سو دن میں کچھ نہیں کر سکے، وہ 100 دن میں کیا کریں گے؟ گالیاں دینے والے پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں، عوام وفاداریاں بدلنے والے بہروپیوں سے بچیں۔

مانانوالہ میں گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پارٹیاں بدلنے والے عوام کی خدمت نہیں کر سکتے، عوام پارٹی بدلنے والوں کو الیکشن میں جواب دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی نے شیخوپورہ میں کام نہیں کیا۔ گزشتہ 5 سال میں شیخوپورہ کو پونے 3 ارب کے منصوبے دیئے۔ اب مانانوالہ کو تحصیل کا درجہ دیا جائے گا۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو معاشی طاقت بنا سکتی ہے۔ 2013ء میں پنجاب سمیت پورے ملک میں گیس کا بحران تھا، آج ملک میں وافر گیس موجود ہے۔ جب بھی عوام کو مشکلات ہوئی اسے مسلم لیگ (ن) نے ہی حل کیا۔ آج اگر ہم ایٹمی پروگرام پر ناز کرتے ہیں تو شاید بھول گئے ہیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانیوالا بھی نواز شریف تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس جذبے سے عوام کی خدمت کی، عوام جولائی میں اسی جذبے سے ووٹ دیں، اگلا وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ بھی مسلم لیگ (ن) کا ہو گا۔

تحریکِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عوام 100 دن کا پلان دینے والوں کی حقیقت جانتے ہیں۔ جو پندرہ سو دن میں کچھ نہیں کر سکے، وہ 100 دن میں کیا کریں گے؟ آج ملک میں گالی کی سیاست کی جا رہی ہے۔ جو دوسرے کوعزت نہ دے وہ ووٹ کو کیا عزت دے گا؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 سال خدمت کی، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے، وفاداریاں بدلنے والے بہروپیوں سے بچیں۔