پاکستانی ٹیم 600 سے زائد رنز بنا سکتی ہے، حنیف محمد

Hanif Muhammad

Hanif Muhammad

کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز یونس خان اور اظہر علی نے سنچریاں داغ کر پاکستان کو مضبوط پوزیشن پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا، سر ڈان بریڈمین کی 29 سنچریوں کے برابر پہنچنے والے یونس خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان نے 3 وکٹ پر323 رنز جوڑ کر کھیل میں برتری دکھانے کی طرف قدم بڑھا دیا، یہ ٹیم کے لیے اچھا دن ثابت ہوا، اب وہ 600 سے زائد رنز اسکور کر سکتی ہے جس کے بعد اگلا ہدف بنگلہ دیش کو جلد آؤٹ کرکے فالوآن پر مجبور کرنا ہوگا، اس حوالے سے ایک مرتبہ پھر ہمارے بولرز پر ذمے داری عائد ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر میزبان ٹیم بھی بڑا مجموعہ پانے کی کوشش کرے گی لیکن بھاری اسکور کی وجہ سے اس پر آنے والا دباؤ مہمان بولرز کے لیے سود مند ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ 148 رنز کی اننگز کھیلنے والے یونس خان نے عمدہ اور بروقت اسٹروکس کھیلے، وہ اعلیٰ پائے کے کھلاڑی ہیں اور میں ان کی صلاحیتوں کا معترف ہوں، ڈان بریڈمین کا ریکارڈ برابر کرنے پر میں انھیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

حنیف محمد نے کہا کہ127 رنز بناکرکریز پر موجود اظہر علی کے ساتھ کپتان مصباح الحق سے بھی بڑی اننگز کی توقع کی جاسکتی ہے۔