فلسطینی فورسز نے حماس اراکین سمیت 120 افراد کو گرفتار کرلیا

Palestine

Palestine

قطر (جیوڈیسک) فلسطینی انتظامیہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حماس کے اہم کارکنوں سمیت 120 افراد کو گرفتار کرلیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کشیدگی کے باعث فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے حماس کے اہم کارکنوں سمیت 120 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ حماس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے کارکنوں سمیت طالب علموں، اساتذہ اور عام افراد کو بھی گرفتارکیا ہے جن میں صحافی خلدون مظلوم بھی شامل ہیں جنہیں جمعہ کی نصف شب کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ ان کی اہلیہ کے مطابق انہیں ان کی تحریروں کی وجہ سے گرفتارکیا گیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان عدنان الدمیری کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں کشیدگی کے باعث کارروائی کی گئی جب کہ حماس تنازع کو بڑھاوا دینا چاہتا ہے تاہم فورسز کی کارروائی سیاسی نہیں بلکہ قیام امن کے لئے کی گئی ہے۔حماس کے ترجمان سامی ابوظہری نے ان گرفتاریوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مفاہمت کا راستہ بند ہوجائے گا اور کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ گرفتاریاں اسرائیل اور فتح کے درمیان ایک سمجھوتے کی وجہ سے کی جارہی ہیں۔