فلسطینی صدر روس میں نیتن یاہو سے براہ راست مذاکرات سے متفق

Mahmoud Abbas

Mahmoud Abbas

ماسکو (جیوڈیسک) فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے روس میں براہ راست بات چیت سے اتفاق کیا ہے۔

روس کی انٹرفیکس نیوزایجنسی نے سوموار کے روز ماسکو میں فلسطینی سفارت خانے کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ ماسکو میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ روسی صدر ولادی میر پوتین کی جانب سے بات چیت کی میزبانی کی پیش کش پرغور کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ”نیتن یاہو نے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوغدانوف کے ساتھ ملاقات میں انھیں اسرائیل کے اس موقف سے آگاہ کیا ہے کہ وہ صدر محمود عباس کے ساتھ کسی پیشگی شرائط کے بغیر ملاقات کے لیے ہمیشہ سے تیار ہیں۔اس لیے وہ روسی صدر کی تجویز اور اس ممکنہ ملاقات کے لیے وقت پر غور کررہے ہیں”۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان اپریل 2014ء سے ہر قسم کے مذاکرات منقطع ہیں۔روس سے قبل امریکا کی کوششوں کے باوجود یہ مذاکرات بحال نہیں ہوسکے تھے۔