پالپا نے فلائٹ آپریشن بند رکھنے کی مخالفت کر دی

Amir Hashmi

Amir Hashmi

کراچی (جیوڈیسک) پائلٹوں کی تنظیم پالپا نے فلائٹ آپریشن بند رکھنے کی مخالفت کردی ۔پالپا کے صدر عامر ہاشمی کہتے ہیں کہ پائلٹ طیارے اڑانے کو تیار ہیں، پائلٹ نہ پہلے فلائٹ آپریشن بند کرنے کے حق میں تھے اور نہ اب ہیں۔ عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ ہڑتال نہ کرنے پر دھمکیاں دی گئیں۔

پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا جیو نیوزسے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پالپا نے جب کبھی بھی ہڑتال کی تو قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے نہ پہلے حق میں تھے اور نہ اب ہیں، ہڑتال پر جانے کے لئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

دھمکی دینے والے لوگوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہڑتال کیلئے مجبور کیا انہی لوگوں نے دھمکیاں بھی دیں، میرے پاس تمام دھمکیاں ریکارڈ کی صورت میں موجود ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں جبکہ تمام ثبوتوں کے ساتھ جلد مقدمہ بھی درج کراؤں گا۔

پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ملازمین کی ہڑتال 13 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے جبکہ قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن مسلسل پانچویں روز بھی مکمل طور پر معطل ہے۔