پاناما کیس کی سماعت میں وقفے کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں: لیگی رہنما

Tariq Fazal Chaudhry and Daniyal Aziz

Tariq Fazal Chaudhry and Daniyal Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت طارق فضل چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں اور پاکستان معاشی قوت بن رہا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بدامنی کنٹرول میں ہے۔ کچھ لوگ منفی سیاست کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف کی گالم گلوچ کی سیاست کا کوئی مستقبل نہیں اور یہ الیکشن تک اسی طرز سیاست کو لیکر چلے گی۔ اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا پاناما کیس کی سماعت میں وقفے پر مختلف باتیں پھیلائی جا رہی ہیں جو غلط ہیں ان میں صداقت نہیں۔

سماعت میں وقفے کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔ عمران خان، جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں ریفرنسز دائر ہیں۔ انہوں نے کہا ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں تین قسم کے کیس چل رہے ہیں۔ اکبر ایس بابر کیس میں عدالت نے 6 مرتبہ منی ٹریل مانگی لیکن نہیں دی گئی۔

اب عمران اسٹے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم نے تو کوئی اسٹے نہیں لیا اب عوام خود اندازہ لگائیں کون اسٹے کے پیچھے چھپتا ہے۔

دانیال عزیز نے کہا ان لوگوں نے وزیراعظم، الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ بتائیں کون بھاگ رہا ہے کل تک الزامات لگانے والے آج خود اس کا شکار ہو گئے۔