پانامہ کیس کی تحقیقات، مریم نواز آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) بڑی تحقیقات میں ایک اور بڑی پیشی، وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی۔ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر تین ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

جوڈیشل اکیڈمی کے ارد گرد ایک کلومیٹر تک کے علاقے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہو گا۔ ن لیگی کارکنوں کو بھی سکیورٹی حصار سے دور رکھا جائے گا۔ پیشی کے دوران ایس پی ارسلہ سلیم مریم نواز کے ساتھ اندر موجود رہیں گی۔

دوسری جانب جے آئی ٹی آج ہی چیئرمین نیب کا حدیبیہ پیپرز ملز سے متعلق بیان ریکارڈ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق قمر زمان چوہدری سے نیب میں شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش مقدمات سے متعلق بھی سوالات ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا۔ جس میں انہیں حدییبہ پیپرز ملز کیس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جے آئی ٹی کو دینے کے کیلئے چیئرمین نیب کا جواب بھی تیار کر لیا گیا ہے۔