پانامہ کیس: سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ جے آئی ٹی رپورٹ پر آج سماعت کریگا

Supreme Court Bench

Supreme Court Bench

اسلام آباد (جیوڈیسک) پانامہ کے ہنگامے کا حتمی مرحلہ آن پہنچا، آج سے جے آئی ٹی رپورٹ پر سماعت کا آغاز ہو گا۔ شریف خاندان نے رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مخالف فریقین نے بھی ہنگامہ خیز فائنل قانونی راؤنڈ کیلئے لنگوٹ کس لیا ہے۔

جسٹس اعجاز افضل، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث کی سربراہی میں شریف خاندان کے وکلا کی ٹیم جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کے لیے درخواست دائر کرے گی۔

دوسری طرف اٹارنی جنرل آفس نے 10 جولائی کو جاری حکم کی تعمیل میں خواجہ سعد رفیق، طلال چوہدری اور آصف کرمانی کی تقاریر کے متن سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے ہیں۔

تین رکنی بنچ اس معاملے کی بھی سماعت کرے گا۔ انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے گرد اضافی خاردار تار لگا دیئے جبکہ سماعت کے دوران ریڈ زون سیل کر دیا جائیگا اور غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہو گا۔