پاناما کے وزیر اقتصادیات کا اسحاق ڈار سے ملاقات کا دعوی، وزارت خزانہ کی تردید

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاناما کی وزارت خارجہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پاناما لیکس کے تناظر میں میڈیا پر آنے والی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں۔

اس سے پہلے پاناما کے وزیر اقتصادیات نے امریکی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی وزیر خزانہ سے ملاقات کا دعوی کیا تھا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو کہا میں حال ہی میں پاکستانی وزیر خزانہ سے ملا ہوں ہم نے اس سے پہلے کبھی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا پاناما پیپرز کے بعد آپ ایک مشکل وقت کی طرف جا رہے ہیں۔

میں نے کہا ہاں آپ کی بات درست ہے لیکن میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہم اپنی معیشت کیسے چلا رہے ہیں جس سے آپ کو مختلف تاثر ملے گا۔ پانامہ لیکس کے بعد پوری دنیا کی سیاست میں ایک ہنگامہ برپا ہے۔ گزشتہ روز اسپین کے وزیر صنعت نے پاناما لیکس میں نام آنے پر استعفیٰ دیا تھا۔