پاناما لیکس کی تحقیقات، ٹی او آرز بنانے کا طریقہ کار طے

Opposition Meeting

Opposition Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کام کرنے کا طریقہ کار طے۔ دو معاملات پر حکومت اور اپوزیشن میں اختلافات سامنے آ گئے۔

ٹی او آرز کی تیاری کیلئے بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں کمیٹی کے کام کرنے کا طریقہ کار طے کیا گیا۔ اپوزیشن نے کمیٹی میں وزیر قانون زاہد حامد کے بطور ایکس آفیشل ممبر شمولیت پر اعتراض اٹھایا۔

اپوزیشن رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ دو فریق ہونے کی وجہ سے کسی کو کمیٹی کا سربراہ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے تاہم حکومتی ٹیم نے ایسے کسی فیصلے کی تردید کی۔ اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن نے اپنے ٹی او آرز کا تبادلہ کیا۔

چیف جسٹس کا جوابی خط بھی اپوزیشن کے حوالے کیا گیا۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کی ترجیحات طے کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بطور سہولت کار شریک ہوئے۔

دوسرا اجلاس جمعرات کی صبح گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔