پاناما لیکس، مشترکہ ٹی او آر کی تیاری کیلئے کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

Panama Leaks

Panama Leaks

لاہور (جیوڈیسک) پاناما لیکس پر جوڈیشل کمیشن کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ ٹی او آرز کی تیاری کیلئے کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، اپوزیشن جماعتوں نے تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ سے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کی کمیٹی آج سر جوڑے گی جو اپوزیشن کے مشترکہ ٹی او آرز کی تیاری کیلئے تبادلہ خیال کرے گی۔ اس سے پہلے گذشتہ روز اعتزاز احسن کے گھر پر اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک ہوئی جس میں پاناما لیکس پر کمیشن کیلئے حکومتی ضابطہ کار مسترد کر دیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ احتساب سب کا لیکن آغاز وزیراعظم سے کرنے کا مطالبہ کیا۔ تمام جماعتوں نے پانامہ لیکس میں شامل افراد کیخلاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

ایم کیو ایم پہلے مطالبے کی مخالفت کرتی رہی تاہم پھر بحث کے بعد مان گئی اجلاس میں اے این پی اور قومی وطن پارٹی استعفے کے مطالبے کی مخالفت کے موقف پر ڈٹی رہیں۔ ذرائع کے مطابق استعفے کے مطالبے پر اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے ہی اسے اعلامیے میں شامل نہیں کیا گیا۔