والدین بچے کو چلنا سکھاتے ہیں تو استاد دنیا میں کامیابی سے جینا سکھاتا ہے۔ نعمان وڈیرہ

Karachi

Karachi

کراچی : آل پاکستان میمن یوتھ کے چیئرمین نعمان وڈیرہ نے کہا ہے کہ جس طرح والدین کا عزت واحترام لازمی ہوتا ہے بلکل اسی انداز میں استاد کی قدر اور اس کی عزت کرنا ہم سب پر واجب ہے،زندگی کے ہر میدان میں ملنے والی کامیابی استاد کی محنت اور اس کے احترام کے بغیر ممکن نہیں ہے، استاد کے ادب سے دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی ہے،اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ والدین کی طرح استاد کا بے ادب بھی دنیا کا محتاج بن کر رہ جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر میمن یوتھ کراچی آفس میں رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ والدین بچے کو چلنا سکھاتے ہیں تو استاد دنیا میں کامیابی سے جینا سکھاتاہے،ہم دیکھتے ہیں کہ سرکاری و غیر سرکار ی اسکولوں میں اساتذہ کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور نہ ہی ان کو بنیادی سہولیات ٹھیک طرح سے فراہم کی جاتی ہیں۔

حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ وہ معاشرے کے اس اہم رکن کی بنیادی ضررویات کو حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے،سرکاری اسکولوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جب کہ پرائیویٹ اسکول منافع بخش اداروں کے طور پر کام کررہے ہیں ایسے میں جو نقصان ہے وہ معمولی تنخواہوں پر کام کرنے والے اساتذہ اور پڑھنے والے بچوں کو اٹھاناپڑتاہے۔میمن یوتھ کے رہنماؤں میں اس موقع پر کوآرڈینیٹر سجاد جکھوڑا٫ فرحان زکریا٫ ذیشان میمن٫ عمیر دنبہ اور ترجمان ساجد حبیب میمن سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوموں اور نسلوں کو سنوارنے والے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ اس دن کی مناسبت سے سرکاری سطح پر تقاریب کا انعقاد کروائے۔

جاری کردہ: ساجد حبیب میمن
ترجمان آل پاکستان میمن یوتھ