پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے مصری ایئر لائن کا طیارہ لاپتہ

Egyptian Airline

Egyptian Airline

قاہرہ (جیوڈیسک) پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے مصری ایئر لائن کا طیارہ لاپتہ ہو گیا، جہاز میں عملے کے افراد سمیت تمام 66 افراد سوار تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری ایئر لائن کی پرواز ایم ایس 804 نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے اڑٓان بھری لیکن مصر کی حدود میں داخل ہونے سے 10 میل دور ہی بحیرہ روم کے اوپر سے جہاز ریڈار سے غائب ہو گئی اور کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے 10 ارکان سمیت 66 افراد سوار تھے جن میں 30 مصری، 15 فرانسیسی، 2 عراقی، ایک برطانوی، ایک سعودی، ایک کنیڈین، ایک الجیرین، ایک پرتگالی، ایک کویتی، ایک سوڈانی، ایک بیلجئن اور ایک چاڈ کا بندہ شامل تھا۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے سے جہاز کا ریڈار سے غائب ہوا وہاں پرجیٹ طیارے بھیج رہے ہیں جب کہ یونانی حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ مصر کے وزیراعظم انجینئر شریف اسماعیل نے طیارہ لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے جہاز کی تلاش کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے ملنے کے لئے قاہزہ سے اسکندریہ جانے والی ایئر ایجپٹ کی ایم ایس 181 کو ہائی جیک کر لیا تھا، بعدازاں جعلی خودکش جیکٹ پہنے ذہنی مریض شخص کو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔