پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ، نوواک جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

 Novak Djokovic

Novak Djokovic

پیرس (جیوڈیسک) عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ سوئس سٹار روجر فیڈرر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ پیرس میں جاری اے ٹی پی سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔

دفاعی چیمپئن سربین سٹار نوواک جوکووچ نے برطانیہ کے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ نوواک جوکووچ کی فتح کا سکور سات پانچ اور چھ دو رہا۔

دوسری جانب ورلڈ نمبر ٹو روجر فیڈرر کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، عالمی نمبر دس کینیڈا کے میلوس رائونک نے سوئس سٹار روجر فیڈرر کو سات چھ اور سات پانچ سے اپ سیٹ مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔

ایک اور میچ میں جاپان کے کی نیشیکوری نے سپین کے ڈیوڈ فیرر کو پونے تین گھنٹے کے مقابلے کے بعد زیر کیا۔ نیشیکوری کو تین چھ، سات چھ اور چھ چار سے کامیابی حاصل ہوئی۔

جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ بھی جنوبی افریقی حریف کیون اینڈرسن کو زبردست مقابلے میں آؤٹ کلاس کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔